وزیر اعلی پنجاب کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اعلی سطح کا اجلاس

240
Chief Minister of Punjab
Chief Minister of Punjab

لاہور۔26فروری (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے عہدے کا حلف اٹھانے کے فوری بعد تین اجلاسوں کی صدارت کی ۔ مریم نواز نے سب سے پہلے امن و امان سے متعلق اجلاس کی صدارت کی ۔ پرویز رشید،ارکان اسمبلی مریم اورنگزیب،عظمی بخاری، بلال کیانی، افضل کھوکھر ،چیف سیکرٹری ،آئی جی، سیکریٹریز اور پولیس حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔وزیر اعلی مریم نواز شریف کو پنجاب پولیس کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ اعلی حکام کی جانب سے نومنتخب وزیر اعلی پنجاب کو صوبے میں امن وامان کی صورتحال پر بریفنگ دی ۔

وزیر اعلی مریم نواز شریف نے میرٹ پر عمل درآمد یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کسی کی سفارش نہیں چلے گی۔ صرف میرٹ اور انصاف ہونا چاہیے، تھانوں کی شکل وصورت بدلنا کافی نہیں ،رویے بدلنا ہونگے،پولیس سسٹم سے متعلق کئے وعدے ہر صورت پورے ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ پولیس میں رشوت کا کلچر ہر صورت ختم کریں گے ، سیف سٹی اتھارٹی کا دائرہ کار بڑھائیں گے۔اچھرہ میں خاتون کی جان بچانے والی افسر سے ملنا چاہوں گی۔ وزیر اعلی مریم نواز نے ٹیکسلا میں پولیس اہلکار کی جانب سے بزرگ خاتون کو تھپڑ مارنے کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والا ہی قانون توڑے گا تو قانون کی کون عزت کرے گا؟ ،خلاف قانون کوئی رویہ برداشت نہیں کروں گی۔

انہوں نے کہا کہ امن وامان لازم ہے لیکن شہریوں کی عزت، انہیں توہین سے بچانا بھی اتنا ہی ضروری ہے، قانون کے احترام کے ساتھ انسان اور شہری کا احترام یقینی بنائیں، سب قانون کا احترام کریں۔ مریم نواز نے کہا کہ اصلاحات، جدید آلات، ٹیکنالوجی اور تربیت سے پولیس کو عوامی خدمت فورس بنائیں گے، خواتین، بچوں، اقلیتوں پر تشدد، ریپ، ہماری حکومت کی ریڈ لائن ہے، رشوت خوری کے خلاف زیرو ٹالرنس اور میرٹ میری پالیسی ہے، اس پر کوئی کمپرومائز نہیں ہوگا۔

انہوںنے کہا کہ قانون کے مطابق ایف آئی آر کا فوری اندراج، ڈیجیٹل اور آئی ٹی نظام کا استعمال مزید بہتر بنائیں گے، پراسیکیوشن کے نظام کی خامیاں دور کریں گے۔ اجلاس میں آئی جی پنجاب نے صوبے میں امن و امان اور پولیس کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی ۔اجلاس میں ایڈووکیٹ جنرل پنجاب سمیت اعلی حکام نے شرکت کی۔مریم نواز شریف نے محفوظ پنجاب سے متعلق اپنے وژن کی روشنی میں پالیسی ہدایات جاری کیں ۔وزیر اعلی مریم نواز شریف نے رمضان پیکج اورپرائس کنٹرول کمیٹی کے حوالے سے بھی دو الگ الگ اجلاسوں کی صدارت کی ۔