وزیر اعلی پنجاب کی زیر صدارت خصوصی اجلاس، لاہور ڈویلپمنٹ پلان پر پیشرفت میں تاخیر پر ناپسندیدگی کا اظہار

74
Chief Minister of Punjab

لاہور۔8اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں لاہور ڈویلپمنٹ پلان پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلی مریم نوازشریف نے لاہور ڈویلپمنٹ پلان پر پیشرفت میں تاخیر پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔ وزیر اعلی نے لاہور کی سڑکوں،گلیوں، بازاروں میں ناقص صفائی پر سخت برہمی کا اظہارکیا اور بہتر ی کے لئے تین دن کی مہلت دے دی۔ اجلاس میں لاہور کی 18مارکیٹوں میں تجاوزات کے خاتمے کی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیر اعلی مریم نوازنے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ اداروں کو ازخود شہر کی روڈز کی مرمت کرنی چاہیے، سی ایم جہاں سے گزرے وہ سڑک بن جاتی اور صفائی ہو جاتی، خود کیوں نہیں کرتے؟، مرکزی سڑکوں کا پیچ ورک ترجیحی بنیادوں پر پہلے کیا جائے، سڑک کے درمیان گڑھا پڑنے سے گاڑی گر جاتی ہے تو ذمہ دار کون ہوگا۔ وزیر اعلی نے کہا کہ مین سڑک پر کوئی گڑھا نظر نہیں آنا چاہیے، ایل ڈی اے کے روڈ مینٹیننس یونٹ کو فعال اور متحرک کیا جائے، غیر قانونی پارکنگ ختم کرکے فٹ پاتھ کلیئر کرائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے کی مہم میں تاجر برادری کو بھی اعتماد میں لیا جائے، فٹ پاتھ پر سے سامان کو ہٹایا جائے، بائیک اور ریڑھیوں کیلئے مارکنگ کی جائے،ہر مارکیٹ میں موٹر بائیک کی پارکنگ کیلئے جگہ مختص کی جائے۔

مریم نوازشریف کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور میں 213مقامات پر موجود 2598مویشی شہری حدود سے باہر منتقل کئے جائینگے، لاہور میں مختلف مقامات جھونپڑ پٹی پر1800سے زائد ٹینٹ میں غیر قانونی لوگ آباد ہیں، دیواروں ،پولز اور پلرز سے پوسٹرز اتارے جائیں گے۔ وزیر اعلی مریم نوازنے پہلے مرحلے میں فارمرز سے بات چیت کرکے رضا کارانہ طور پر مویشی نکالنے پر آمادہ کرنے کی ہدایت کی۔

سینیٹرپرویز رشید، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات وثقافت عظمی زاہد بخاری، وزیر بلدیات ذیشان رفیق، معاون خصوصی ذیشان ملک،چیف سیکرٹری، پرنسپل سیکرٹری، سیکرٹریزبلدیات، ہائوسنگ، کمشنر، ڈپٹی کمشنر، واسا، ایل ڈبلیو ایم سی حکام بھی اجلاس میں موجود تھے۔