لاہور۔22ستمبر (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے ژوب میں قومی شاہراہ پر اے ٹی ایف کی گاڑی پر دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے 3 پولیس اہلکاروں کے واقعہ کی پر زور الفاظ میں مذمت کی ہے ۔
اتوار کے روز جاری مذمتی بیان میں انہوں نےشہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید اہلکاروں کے خاندانوں کے غم میں برابرکے شریک اور غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کا کسی مذہب سے کو ئی تعلق نہیں ہوتا،وہ معاشرے کے ناسور ہوتے ہیں،ان کا کردار ہمیشہ ملک وقوم کے لئے نقصان دہ ہوتا ہے ۔
وزیر اعلی نے کہا کہ ملک کی خاطر اپنی جانیں قربان کرنے والے قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں، شہداء کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ وزیر اعلی نے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ دوران ڈیوٹی شہادت کا اعلی رتبہ پانے والے اہلکاروں کوسلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی شہداء کے درجات کو بلند فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ حوصلے و ہمت سے برداشت کرنے کی توفیق دے ۔