ڈیرہ غازی خان۔ 03 مارچ (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے سرکاری ہسپتالوں کی حالت زار بہتر کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا،دیہی و بنیادی مراکز صحت کی مرحلہ وار اپ گریڈیشن کی جائے گی ۔
اس حوالے سے اجلاس کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی زیرصدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی طرف سے دی گئی ہدایات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا ہے۔اس موقع پر کمشنر نے ہسپتالوں میں شفافیت یقینی بنانے کیلئے ہیلتھ ایڈوائزری کونسل تشکیل دینے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں عوام کی رہنمائی کے لئے اردو سائن بورڈز نصب کئے جائیں ۔عوام کو مفت ادویات کی فوری فراہمی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی کی ہدایت پر ہر ضلع میں ہارٹ، کینسر اور دیگر بیماریوں کے علاج کے لئے میڈیکل سنٹر کے قیام کے لئے اقدامات کئے جائیں ۔
انہوں نے عوام کی دہلیز تک علاج کی سہولیات پہنچانے کے لئے فیلڈ ہسپتال پراجیکٹ کا بھی پلان طلب کر لیا۔ فیلڈ ہسپتال پراجیکٹ کے تحت سب اربن ایریا اور دیہات میں مقررہ ایام پر موبائل ہیلتھ یونٹ بھیجے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر ہسپتالوں میں نومولود کے لئے انکو بیٹر کی کمی ترجیحی بنیادوں پر پوری کی جائے۔بی ایچ یو لیول پر ماں اور بچے کی صحت پر خصوصی توجہ دی جائے۔