وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے تحت محکمہ ہائوسنگ میں سٹریٹیجک پلاننگ اینڈ امپلی مینٹیشن یونٹ قائم

31
وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے تحت محکمہ ہائوسنگ میں سٹریٹیجک پلاننگ اینڈ امپلی مینٹیشن یونٹ قائم

لاہور۔3جولائی (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ”بہترین سروس ڈیلیوری اور گورننس میں اصلاحات” کے تحت محکمہ ہائوسنگ نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے سٹریٹیجک پلاننگ اینڈ امپلی مینٹیشن یونٹ (ایس پی آئی یو) قائم کر دیا ہے، اس یونٹ کا مقصد پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے منصوبوں کی جامع پلاننگ، مانیٹرنگ اور تکنیکی جانچ کو یقینی بنانا ہے۔سیکرٹری ہائوسنگ نورالامین مینگل کے مطابق یہ یونٹ منصوبہ جات کے تکنیکی پہلوئوں کا گہری نظر سے جائزہ لے گا اور حتمی منظوری سے قبل ضروری اصلاحات تجویز کرے گا تاکہ عوامی فلاح کے منصوبے موثر انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچ سکیں۔

انہوں نے کہاکہ محکمہ ہائوسنگ میں محکمانہ احتساب بورڈ، ہائی لیول سرچ کمیٹی اور کوالٹی ایشورنس کمیٹیاں بھی قائم کر دی گئی ہیں جو گڈ گورننس اور شفافیت کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گی، سرچ کمیٹی کی ذمہ داری ہے کہ وہ اہلیت، شفافیت اور میرٹ کو بنیاد بناتے ہوئے کلیدی عہدوں پر تقرریاں کرے۔سیکرٹری ہائوسنگ نے مزیدبتایا کہ منصوبہ بندی اور تحقیق کے عمل کو مضبوط بنانے کے لیے مختلف شعبہ جات کے ماہرین اور کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کی جائیں گی

،وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کو عملی شکل دیتے ہوئے محکمہ ہائوسنگ کی جانب سے ایک انٹرن شپ پروگرام بھی متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے تحت نوجوان انجینئرز کو فیلڈ میں تکنیکی تربیت اور انتظامی امور کی عملی مشق کروائی جائے گی، یہ اقدام نوجوانوں کو قومی ترقی میں موثر کردار ادا کرنے کے قابل بنانے کی طرف ایک اہم قدم ہے

،افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے خصوصی ٹریننگ پروگرامز اور ورکشاپس کے انعقاد کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔نورالامین مینگل نے مزید کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی واضح ہدایات ہیں کہ صوبے کے تمام اضلاع میں یکساں اور معیاری سروس ڈیلیوری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو ان کے گھروں کی دہلیز پر سہولیات میسر آ سکیں۔