لاہور۔13مارچ (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام تک صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن لاہور میں راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے 17 ویں سینڈیکیٹ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری اشفاق الرحمن، ایڈیشنل سیکرٹری سدرہ سلیم اور ڈپٹی سیکرٹری بجٹ حماد الرب نے شرکت کی۔
وڈیو لنک کے ذریعے پارلیمانی سیکرٹری ضیااللہ شاہ، سینڈیکیٹ ممبر ڈاکٹر جمال ناصر، وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمد عمر و دیگر سینڈیکیٹ ممبران نے شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے سینڈیکیٹ اجلاس کے دوران مختلف ایجنڈاز کی منظوری دی۔
خواجہ سلمان رفیق نے راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کی نمایاں کارکردگی پر وائس چانسلر پروفیسر محمد عمر کی کاوشوں کو سراہا۔سینڈیکیٹ اجلاس کے دوران سکیل 2 سے سکیل 16تک کے نان گزیٹڈ ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع کی بھی منظوری دی گئی۔
اجلاس کے دوران راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے ایڈہاک ملازمین کے کنٹریکٹ کی اگلے چھ ماہ کیلئے تعیناتی کی منظوری دی گئی اورسینڈیکیٹ اجلاس کے دوران ہولی فیملی ہسپتال، بے نظیر بھٹو ہسپتال اور راولپنڈی ٹیچنگ ہسپتال کے بھی مختلف ایجنڈوں کی منظوری دی گئی۔ وزیر صحت نے کہاکہ پنجاب کی میڈیکل یونیورسٹیز کے مالی معاملات میں سو فیصد شفافیت کو یقینی بنا نے کے ساتھ ساتھ پنجاب کی طبی درسگاہوں میں جدید ریسرچ کو بھی پروان چڑھایا جا رہا ہے۔