33.2 C
Islamabad
منگل, اپریل 22, 2025
ہومضلعی خبریںوزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت اجلاس، ستھرا پنجاب پروگرام...

وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت اجلاس، ستھرا پنجاب پروگرام کا جائزہ

- Advertisement -

 

لاہور۔22اپریل (اے پی پی):وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت صوبائی کنٹرول روم میں منگل کو اجلاس کے دوران ستھرا پنجاب پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، سپیشل سیکرٹری آسیہ گل اور پنجاب کی تمام ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ ترجمان محکمہ بلدیات کیمطابق اجلاس کے دوران ہر تحصیل میں افرادی قوت، مشینری کی دستیابی اور مانیٹرنگ میکانزم کا بھی جائزہ لیا گیا۔

- Advertisement -

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے تحصیل گوجرانولہ سٹی، پنڈی بھٹیاں اور ملکوال میں ایچ آر کی کمی دور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سٹاف کی حاضری پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ یہ بھی یقینی بنایا جائے کہ حاضری لگانے کے بعد عملہ صفائی متعلقہ جگہ پر کام کر رہا ہے۔ صوبائی وزیر نے فیصل آباد میں ایک جگہ ایس او پیز پر عملدرآمد نہ ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ تمام ڈسٹرکٹ مینجرز گاڑیوں پر ٹریکنگ سسٹم کی لازمی تنصیب یقینی بنائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ستھرا پنجاب بہت بڑا پروگرام ہے، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی بھرپور مدد لئے بغیر موثر مانیٹرنگ ممکن نہیں۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیاں مانیٹرنگ آفیسرز کی بھی روزانہ رپورٹ کنٹرول روم کو بھجوائیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلی کے ویڑن کے مطابق شفافیت یقینی بنانے کے لئے ماہ رواں سے ہر قسم کی ادائیگی صرف ڈیجیٹل انوائس پر ہوگی۔ صوبائی وزیر نے زور دیا کہ ٹریکر کے بغیر کوئی گاڑی پائی گئی تو کنٹریکٹر کو جرمانہ کیا جائیگا۔ ستھرا پنجاب پروگرام میں مسلسل بہتری آنا خوش آئند ہے۔ وزیراعلی مریم نواز کے مقرر کردہ اہداف کا حصول اور عوام کو خدمات کی فراہمی ہمارا نصب العین ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام سے صفائی کا ایک نیا کلچر فروغ پا رہا ہے۔

سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے سی ای اوز کو ہدایت کی کہ مانیٹرنگ میکانزم میں بہتری کیلئے پی آئی ٹی بی سے رابطہ کیا جائے ڈیٹا بروقت مرکزی کنٹرول روم میں ظاہر ہو۔ انہوں نے کہا کہ ڈور ٹو ڈور ویسٹ کولیکشن کا مرحلہ وار آغاز یقینی بنایا جائے۔ شکیل احمد میاں نے واضح کیا کہ کنٹرول روم میں موصول ڈیٹا سے ہی کارکردگی کا تعین ہوگا۔ سی ای اوز باقاعدگی کے ساتھ خود سپاٹ چیکنگ اور کنٹریکٹرز کی نگرانی کریں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=585798

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں