اسلام آباد۔15جولائی (اے پی پی):وزیر تجارت سید نوید قمر اور امریکہ کی تجارتی نمائندہ ایمبیسیڈرکیتھرین تائی نے جمعہ کے روز ایک ورچوئل میٹنگ کی، امریکہ کی تجارتی نمائندہ نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان اقتصادی شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا اور زراعت اور ڈیجیٹل تجارت کے شعبوں پر خصوصی زور دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی امکانات کو کھولنے پر زور دیا۔
وزیر تجارت نے دونوں ممالک کے درمیان روایتی اور جدید شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت کو تسلیم کیا۔ انہوں نے اقتصادی تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے امریکہ پاکستان ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ فریم ورک ایگریمنٹ (ٹیفا) کونسل کے اجلاس کے انعقاد پر بھی زور دیا۔وزیر تجارت نے تیزی سے بدلتی ہوئی عالمی تجارتی حرکیات کے پیش نظر محترمہ کیتھرین تائی کی قیادت کو سراہا اور کووڈ-19 سے ان کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔