28.2 C
Islamabad
جمعہ, اپریل 4, 2025
ہومعلاقائی خبریںوزیر تعلیم خیبر پختونخوا سے برٹش کونسل پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر کی...

وزیر تعلیم خیبر پختونخوا سے برٹش کونسل پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر کی ملاقات،مستقبل کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا

- Advertisement -

پشاور۔ 12 فروری (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل خان ترکئی سے برٹش کونسل پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر جیمز ہیمپسن نے ملاقات کی ،جس میں خیبر پختونخوا کے تعلیمی امور اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ایجوکیشن ایڈوائزر میاں سعدالدین اور برٹش کونسل کی ڈائریکٹر ایجوکیشن سارا پرویز بھی موجود تھیں۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں تعلیمی ایمرجنسی کے پیش نظر صوبے کا 21 فیصد بجٹ تعلیم کے لئے مختص کیا گیا ہے ،گرلز ایجوکیشن کے تحت نئے بننے والے سکولوں میں 70 فیصد خواتین کے لیے مختص ہیں۔ ہمارا گرلز کیڈٹ کالج مردان صوبے کا بہترین تعلیمی ادارہ ہے اور ملک بھر سے طالبات داخلے کی غرض سے آتے ہیں اس کی کامیابی کو مدنظر رکھ کر ڈی آئی خان میں بھی گرلز کیڈٹ کالج قائم کیا جا رہا ہے انہوں نے مزید کہا کہ امسال 12 لاکھ سے زائد طلبہ کو سکولوں میں داخل کروایا گیا ہے اور مزید اقدامات بھی جاری ہیں جبکہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی ہدایت کے مطابق رینٹڈ بلڈنگ سکولز پروگرام کے تحت سکول بھی قائم کئے جا رہے ہیں۔

- Advertisement -

اساتذہ کی بھرتی کے لئے اشتہار تیار ہے اور مزید 17 ہزار اساتذہ میرٹ پر عنقریب سسٹم میں شامل کئے جائیں گے اور ہر سکول کی ہر کلاس میں استاد کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی ،تعلیم سے محروم رہنے والے طلبہ کے لیے اے ایل پی پروگرام جاری ہے جس کو صوبے کے تمام اضلاع تک توسیع دی جا رہی ہے۔

امتحانات میں اصلاحات کا عمل جاری ہے اور میرٹ و شفافیت پر مبنی امتحانات صوبے بھر میں منعقد کرائے جا رہے ہیں، پیپرز ایس ایل او بیسڈ ہوں گے اور نقل کی روک تھام اور پیپر لیک کو کنٹرول کرنے کے لیے صوبہ بھر کے تمام امتحانی ہالز متعلقہ بورڈز کے ساتھ بذریعہ سی سی ٹی وی کیمرے منسلک ہوں گے۔

صوبے کے اساتذہ کو بہترین کارکردگی پر انعامات دیئے جاتے ہیں اور کمزور کارکردگی دکھانے والوں کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے۔ وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ ہم صوبے میں تعلیم کارڈ کا اجرا کر رہے ہیں جس کے تحت طلبہ کو سکالرشپس اور مفت درسی کتابوں کی فراہمی کے علاوہ دیگر تمام سہولیات فراہم ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم ڈونرز کے اقدامات اور شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جن کی مالی اور تکنیکی معاونت سے ہم طلبہ کی بہتر مفاد میں شروع کردہ منصوبے تکمیل تک پہنچاتے ہیں۔

برٹش کونسل کے کنٹری ڈائریکٹر جیم ہیمپسن نے محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا کی جانب سے کئے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے جاری پروگرامز کو بھی توسیع دیں گے اور مستقبل میں بھی مختلف پروگرامز میں معاونت فراہم کریں گے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=559633

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں