لاہور۔22نومبر (اے پی پی):وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی زیر صدارت لیپ ٹاپ سکیم کے اجرا کے حوالے سے جائزہ اجلاس جمعہ کو منعقد ہوا۔
وزیر تعلیم نے لیپ ٹاپ سکیم کے آغاز کیلئے محکمہ کو ایک ماہ کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے آئندہ 30 دنوں میں لیپ ٹاپ سکیم کے اجرا کی ہدایت کر دی۔ ترجمان کیمطابق وزیر تعلیم نے لیپ ٹاپ کی خریداری، کوالٹی ایشورنس اور انسپکشن کیلئے آئی ٹی یو، پی آئی ٹی بی کے افسران پر مشتمل کمیٹی بھی بنا دی۔
اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے کہا کہ لیپ ٹاپ کی باڈی اچھی کوالٹی ترجیحا سٹیل کی ہونی چاہئے جبکہ لیپ ٹاپ کا بیگ بھی بہتر کوالٹی کا بنوایا جائے۔ رانا سکندر حیات نے لیپ ٹاپ کی تقسیم کار کے حوالے سے موثر لائحہ عمل تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ تعلیمی ضروریات مدنظر رکھتے ہوئے طلبہ کو جدید ترین لیپ ٹاپ فراہم کئے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیِ کی ہدایت پر اقلیتی طلبہ کو بھی لیپ ٹاپ سکیم میں خصوصا شامل کیا گیا ہے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ مجموعی طور پر 90 دنوں میں ٹوٹل 40 ہزار لیپ ٹاپ دئیے جائیں گے۔ ایک ماہ میں 5 ہزار، دوسرے مرحلے میں تین ماہ کے دوران 35 ہزار لیپ ٹاپ دئیے جائیں جبکہ لیپ ٹاپ کی فراہمی کا سلسلہ بتدریج بڑھایا جائے گا۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر میٹرک اور ایف ایس سی کے پوزیشن ہولڈر طلبا کو بھی لیپ ٹاپ فراہم کئے جائیں گے۔