لاہور۔17اگست (اے پی پی):وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی زیر صدارت” بیک ٹو سکول مہم "کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا ،اجلاس میں مہم کے اہداف اور دیگر متعلقہ امور پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر تعلیم نے ”پڑھو اور جگمگائو” کے سلوگن سے بیک ٹو سکول مہم بھرپور انداز میں چلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کم از کم 5 لاکھ بچوں کو سکولوں میں لانے کا ہدف دیا اور کہا کہ چھٹیوں کے بعد بچوں کا ڈراپ آئوٹ ریشو ہر ممکن حد تک زیرو کیا جائے،
اس ضمن میں سکول کونسلز کے ذریعے کمیونٹی کو موبلائز کیا اور ابلاغ کے تمام ذرائع استعمال کرتے ہوئے بھرپور انداز میں آگاہی مہم چلائی جائے۔ وزیر تعلیم نے منظم سماجی رابطوں کے ذریعے مہم کو موثر بنانے اور ہفتہ وار رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ہفتہ وار رپورٹ منسٹر آفس، ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور پی ایم آئی یو کو بھجوائی جائے۔ رانا سکندر حیات نے” بیک ٹو سکول مہم” کی خود مانیٹرنگ کرنے کا عندیہ بھی دیا اور کہا کہ گذشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال دگنی تعداد میں بچوں کو سکولوں میں واپس لایا جائے اور نئے بچے بھی انرول کئے جائیں۔ وزیر تعلیم نے تمام اضلاع کو بھی اپنے متعین کردہ اہداف کی تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔