وزیر توانائی عمر ایوب خان سے پاکستان میں ترکمانستان کے سفیر عطاجان معلموف کی ملاقات

67

اسلام آباد ۔ 13 ستمبر (اے پی پی) وزیر توانائی عمر ایوب خان سے پاکستان میں ترکمانستان کے سفیر عطاجان معلموف نے یہاں ملاقات کی اور باہمی تعاون بالخصوص توانائی کے شعبہ میں تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب نے ترکمانستان کے سفیر کو حکومت کی طرف سے سرمایہ کار دوست پالیسیوں بالخصوص توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول کی فراہمی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا جس کے نتیجہ میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ توانائی کا شعبہ سرمایہ کاری کے لئے سب سے بہترین شعبوں میں سے ایک ہے کیونکہ ملک کی معاشی بنیادوں پر وسعت کے ساتھ بجلی کے استعمال کے طریقہ کار میں تیزی سے تبدیلی آ رہی ہے۔ انہوں نے سفیر کو مزید بتایا کہ نئی قابل تجدید توانائی پالیسی مرتب کی جا رہی ہے جس سے بھاری سرمایہ کاری کو ترغیب دی جائے گی۔ سفیر نے کہا کہ ترکمانستان کے سرمایہ کار پاکستان میں پیشرفت کا قریب سے جائزہ لے رہے ہیں اور مختلف ابھرتے ہوئے شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔