وزیر توانائی ڈاکٹر مصدق ملک سے فرانس کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن کی قیادت میں وفد کی ملاقات، پاکستان میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار

66
Energy Minister Dr. Mossadegh Malik

اسلام آباد۔14مارچ (اے پی پی):وزیر توانائی ڈاکٹر مصدق ملک سے فرانسیسی ڈپٹی ہیڈ آف مشن گیلوم ڈبوئس (Guillaume Dabouis)کی قیادت میں وفد نےملاقات کی جس میں پاکستان کے توانائی کے شعبے میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات کے دوران فرانسیسی حکام نے پاکستان کے توانائی کے منظر نامے کے مختلف پہلوؤں میں سرمایہ کاری کرنے میں فرانس کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا، جس میں ایل این جی کارگو کی فراہمی سے لے کر توانائی کے وسائل کی تلاش تک اور ملک کے اندر توانائی کی تجارت، تقسیم اور ترسیل کو بڑھانے کے منصوبے شامل ہو سکتے ہیں۔ جمعرات کو ہونے والی ملاقات میں فرانسیسی وفد نے لائن لاسز کو کم کرنے اور مجموعی طور پر پاکستان کے توانائی کے شعبے کو بہتر بنانےکے اقدامات میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔

فرانسیسی حکام سے ملاقات کے دوران وزیر توانائی ڈاکٹر مصدق ملک نے پاکستان کے توانائی کے چیلنجوں سے جامع طور پر نمٹنے کے لیے اپنی تمام کوششیں وقف کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ نئی حکومت ایک مکمل اور مضبوط منصوبے کے ساتھ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے رجوع کرے گی۔ وزیر توانائی نے اس بات کو یقینی بنانے کے لئے اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت کی اہمیت کو اجاگر کیا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ کئے گئے کسی بھی معاہدے کو پاکستانی عوام کے بہترین مفادات سے ہم آہنگ کیا جائے۔ حکومت کے وسیع تر اقتصادی اصلاحات کے ایجنڈے پر روشنی ڈالتے ہوئے، مصدق ملک نے توانائی، خزانہ، تجارت، صنعت اور پیداوار، اور مواصلات سمیت اہم شعبوں کی بحالی کے لیے وزیر اعظم کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔انہو ں نے کہا کہ آئی ٹی اور ایس ایم ایز وزیراعظم کے تبدیلی کے منصوبے میں جامع اہمیت کے حامل ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چونکہ زراعت پاکستان میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، اس لیے وزیراعظم آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور مشین لرننگ ٹیکنالوجیز کے استعمال سے زرعی شعبے کو جدید بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ فرانسیسی ڈپٹی ہیڈ آف مشن اور وزیر توانائی کے درمیان ہونے والی بات چیت ایک مثبت قدم ہے جو پاکستان اور فرانس کے درمیان باہمی شراکت داری کو فروغ دے گا اور پاکستان کی توانائی کے مسائل کو حل کرنے میں مدد گار ثابت ہو گا۔