اسلام آباد۔21مارچ (اے پی پی):دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر برسلز میں ہیں جہاں وہ آج جوہری توانائی کے پہلے سربراہی اجلاس میں شرکت کررہے ہیں۔ ترجمان نے جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ نیوکلیئر انرجی سمٹ جوہری توانائی کا استعمال کرنے والے ممالک کو اکٹھا کرتا ہے اور جوہری توانائی کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ وزیر خارجہ سربراہی اجلاس میں توانائی کی سلامتی کی اہمیت اور بڑھتے ہوئے مطالبات اور موسمیاتی خدشات کے موثر حل کی ضرورت پر زور دیں گے۔ وہ نیوکلیئر پاور پلانٹس چلانے کے حوالے سے پاکستان کے وسیع تجربے اور حفاظت، فضلہ کے انتظام اور عدم پھیلائو کے حوالے سے پاکستان کے عزم کو اجاگر کریں گے۔
وزیر خارجہ جوہری توانائی کی ترقی کے لیے ٹیکنالوجی تک رسائی، فنانسنگ اور ترقی پذیر ممالک کے لیے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کی تکنیکی مدد میں اضافہ سمیت تعاون بڑھانے پر زور دیں گے۔ ترجمان نے کہا کہ برسلز میں وزیر خارجہ سمٹ میں شریک ممالک کے رہنمائوں اور وزراء خارجہ سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ وہ پاکستان واپسی پر لندن میں برطانیہ کے حکام سے ملاقات کریں گے۔