اسلام آباد۔13جنوری (اے پی پی): وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر 16 سے 20 جنوری تک سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں ہونے والے ورلڈ اکنامک فورم کے 53 ویں سالانہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ یہ بات دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے جمعہ کو یہاں ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاسوں میں باقاعدہ شرکت کررہا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان فورم میں عالمی اقتصادی اہمیت کے مسائل پر اپنا نقطہ نظر پیش کرے گا۔ وزیر خارجہ اور وزیر مملکت سیاسی رہنمائوں، کارپوریٹ ایگزیکٹوز، بین الاقوامی اداروں کے سربراہان، میڈیا اور سول سوسائٹی کی سرکردہ شخصیات اور دیگر ممتاز شخصیات سے بھی ملاقات کریں گے۔