اسلام آباد۔14مئی (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 14 مئی پاکستان اور جمہوریت کا تاریخی دن ہے۔ اس دن مقبول ترین سیاسی رہنما شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور پاکستان مسلم لیگ کے قائد میاں نواز شریف نے 2006 میں میثاق جمہوریت پر دستخط کیے تھے۔ پاکستان پیپلز پارٹی میڈیا آفس کی جانب سے اتوار کو جاری کئے گئے اپنے ایک پیغام میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میثاق جمہوریت پر عمل کرنے سے ملک کا وقار بلند اور جمہوریت مضبوط ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر زرداری نے بطور صدر اس وقت اپنے تمام اختیارات آئینی ترمیم کے ذریعے پارلیمنٹ کے حوالے کر دیئے تھے ۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم وفاق اور تمام وفاقی اکائیوں کے درمیان معاہدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون اور آئین بنانے کا اختیار صرف پارلیمنٹ کو ہے۔ ریاست کے باقی اداروں کا فرض ہے کہ وہ پارلیمنٹ کے منظور کردہ قوانین پر عمل کریں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور پارٹی کے کارکنوں کی عظیم قربانیوں کی بدولت 1973 کا آئین اصل شکل میں بحال ہوا جو جمہوریت سے نفرت اور مخالفت کرنے والوں کی شکست تھی۔
انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی اور جمہوریت کی بحالی کے لیے عظیم جدوجہد کی وجہ سے گڑھی خدا بخش بھٹو کا قبرستان شہداء نے آباد کیا جہاں سے جمہوریت کا سورج شہداء کے خون سے طلوع ہوتا ہے۔ چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ یہ بات حوصلہ افزا ہے کہ آج اراکین پارلیمنٹ اور جمہوری سیاسی جماعتیں بااختیار پارلیمنٹ کے اصول پر ایک پیج پر متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میثاق جمہوریت پر سختی اور ثابت قدمی سے عمل کر کے غیر جمہوری سوچ کو شکست دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ سپریم ہے اور سب کو اس کے سامنے سر تسلیم خم کرنا ہوگا۔