وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اردن کے شاہی خاندان کی دعوت پر ولی عہد حسین کی شادی میں شرکت کے لیے اردن میں ہیں،دفتر خارجہ

82
Foreign Office Spokesman
Foreign Office Spokesman

اسلام آباد۔1جون (اے پی پی): وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اردن کے شاہی خاندان کی دعوت پر ولی عہد حسین کی شادی میں شرکت کے لیے اردن میں ہیں۔ یہ بات دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں بتائی۔ انہوں نے کہا کہ اردن کے دورے کے بعد وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری عراق کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ ڈاکٹر فواد حسین کی دعوت پر 5 سے 7 جون تک عراق کا دورہ کریں گے۔

یہ وزیر خارجہ کا عراق کا پہلا دورہ ہوگا، دورے کے دوران وزیر خارجہ عراقی قیادت سے ملاقات کریں گے۔ عراقی ہم منصب سے ملاقات میں فریقین مشترکہ دلچسپی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کریں گے اور دوطرفہ تعاون کی راہیں تلاش کریں گے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری پاکستانی زائرین کی سہولت کے لیے کربلا میں زائرین کے سینٹر کے قیام کا باضابطہ اعلان کریں گے اور سفارتخانے کے کمپلیکس کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔ وزیر خارجہ کے دورہ عراق کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلیم کے شعبے، ثقافتی تعاون اور ویزا کی سہولت سے متعلق متعدد معاہدوں پر دستخط بھی متوقع ہے۔