وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ

209

اسلام آباد۔23اپریل (اے پی پی):وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مسلم امہ میں اتحاد اور خطے میں استحکام کے حوالے سے سعودی عرب کی کامیاب خارجہ پالیسی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سوڈان سے پاکستانیوں کے انخلاء میں مدد کے لئے سعودی عرب کی حکومت کا کردار قابل ستائش ہے۔

اتوار کو دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ان خیالات کا اظہار سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کے دوران کیا۔ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے سعودی ہم منصب فیصل بن فرحان کو عید کی مبارکباد دی۔

سعودی وزیر خارجہ سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے خادم الحرمین شریفین سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد محمد بن سلمان اور سعودی عرب کے عوام کے لئے بھی مبارک باد کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے سوڈان سے پاکستانیوں کے انخلاء میں مدد کے لئے سعودی عرب حکومت کے کردار کی ستائش کی۔