وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے امریکی نمائندہ خصوصی برائے تجارتی امور دلاور سید کی ملاقات

67
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے امریکی نمائندہ خصوصی برائے تجارتی امور دلاور سید کی ملاقات

اسلام آباد۔1جولائی (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے امریکی نمائندہ خصوصی برائے کاروبار اور تجارتی امور دلاور سید نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ نے نمائندہ خصوصی دلاور سید کا پاکستان میں خیرمقدم کیا اور دونوں ممالک کے درمیان کاروباری روابط کو بہتر بنانے میں ان کے کردار کو سراہا۔

وزیر خارجہ نے تعلقات بالخصوص تجارتی تعلقات کو وسعت دینے کے لیے دوروں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نمائندہ خصوصی کا دورہ اس اہمیت کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال پاکستان اور امریکہ کے درمیان سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ ہے جس نے دونوں ممالک کے درمیان روابط بڑھانے کا موقع فراہم کیا ہے۔ وزیر خارجہ نے موسمیاتی تبدیلی، صحت، توانائی، اور تجارت اور سرمایہ کاری کے فریم ورک پر بات چیت کے ذریعے پیدا ہونے والی مصروفیت کی صحت مند رفتار کا ذکر کیا۔

وزیر خارجہ نے ڈویلپمنٹ فنانس کارپوریشن کو پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے خصوصاً صاف توانائی اور خواتین کو بااختیار بنانے کے منصوبوں پر سرمایہ کاری کی دعوت دی۔انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی اور سرمایہ کاری کا ایک بڑا ذریعہ ہے،

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی مارکیٹ امریکی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری پر زیادہ منافع کمانے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ نمائندہ خصوصی دلاور سید نے ملاقات پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا اور ان کے دورے کے دوران تعمیری بات چیت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ تجارتی تعلقات کو وسعت دینے اور سرمایہ کاری میں اضافے کے امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان تکنیکی ترقی کو جاری رکھے گا جس سے سرمایہ کاری اور اقتصادی ترقی میں آسانی ہوگی