اسلام آباد۔12اپریل (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے پاکستان میں ترکی کے سفیر مہمت پکاچی نے بدھ کو یہاں دفتر خارجہ میں ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تاریخی گہرے برادرانہ عوامی تعلقات ہیں، دونوں ممالک ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب کے دوران ترکی کی جانب سے معاونت قابل تحسین ہے۔ ترکی کے سفیر نے زلزلے کے دوران پاکستان کی جانب سے بہترین تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں پاکستان اور ترکی کے درمیان دو طرفہ اور کثیرالجہتی فورمز میں تعاون کے لئے عزم کا اظہار کا اظہار کیا گیا جبکہ دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، علاقائی تعاون، تعلیم اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے حوالے سے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔