وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنمائوں کی ملاقات

264

اسلام آباد۔11مئی (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنمائوں نے جمعرات کو یہاں دفتر خارجہ میں ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق وفد کی قیادت کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر کر رہے تھے۔ اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دورہ بھارت کے دوران مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ عالمی برادری بھارت کے غیر قانونی قبضے کے شکار مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے غیر متزلزل حمایت پر پاکستان کی حکومت اور وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔