اسلام آباد۔24مئی (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری عالمی اقتصادی فورم میں عالمی معاشی رہنمائوں کے ہمراہ غیررسمی مکالمے میں شریک ہوں گے۔ منگل کو وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری عالمی معاشی ماہرین کے ہمراہ امن عامہ کی بحالی کے موضوع پر غیررسمی مکالمے کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نیدرلینڈ کی ملکہ میکسیما سے بھی ملاقات کریں گے۔ وزیر مملکت حنا ربانی کھر بھی ان کے ہمراہ ہوں گی۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری فن لینڈ کے وزیر خارجہ پیکا اولاوا ہاویستو سے وزیر مملکت حنا ربانی کھر کے ہمراہ ملاقات کریں گے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری مشرقی وسطی کو جغرافیائی سیاسی انتشار سے باہر نکالنے کے موضوع پر عالمی رہنمائوں کے ہمراہ غیررسمی مکالمے میں شریک ہوں گے۔ وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر اسٹیک ہولڈر ڈائیلاگ کے سیشنز میں اپنے خیالات کا اظہار کریں گی۔