اسلام آباد۔5جون (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری عراق کے تین روزہ سرکاری دورہ پر بغداد پہنچ گئے۔دفتر خارجہ کے مطابق پیر کو عراقی دارالحکومت بغداد پہنچنے پر عراقی نائب وزیر خارجہ سمیت دیگر عراقی حکام، بغداد میں پاکستان کے سفیر احمد امجد علی اور سفارت خانے کے سینئر افسران نے ایئر پورٹ پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا پرتپاک استقبال کیا۔
دونوں ملکوں کے وزرا خارجہ آج باضابطہ مذاکرات بھی کریں گے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو دورے کی دعوت عراق کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ ڈاکٹر فواد حسین نے دی ہے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری دورے کے دوران عراقی قیادت سے ملاقات میں مشترکہ دلچسپی کے متعدد امور اور دوطرفہ تعاون بڑھانے پر پر تبادلہ خیال کریں گے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری پاکستانی سفارتخانے کے کمپلیکس کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔ وزیر خارجہ کے دورہ عراق کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلیم کے شعبے، ثقافتی تعاون اور ویزا کی سہولت سے متعلق متعدد معاہدوں پر دستخط بھی متوقع ہیں۔