وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے نیویارک میں پاکستا نی مشن میں نوجوان وزراء خارجہ کے اجلاس کی میزبانی کی

148
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے نیویارک میں پاکستا نی مشن میں نوجوان وزراء خارجہ کے اجلاس کی میزبانی کی

نیو یارک۔21ستمبر (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے نیویارک میں پاکستان کے مستقل مشن میں نوجوان وزراء خارجہ کے اجلاس کی میزبانی کی۔ کینیڈا، جمہوریہ چیک، ہنگری، آئس لینڈ، لیتھوانیا، لیکٹن سٹائن ، پاناما، قطر اور سربیا کے وزرا ء خارجہ نے اجلاس میں شرکت کی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے انسانیت کو درپیش موجودہ اور مستقبل کے چیلنجوں پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے سب کے لیے سلامتی، امن اور ہم آہنگی کی ضمانت کے حامل مستقبل کے بین الاقوامی نظام کی تشکیل کے لیے چھ نکاتی ایجنڈے کا خاکہ پیش کیا۔ یہ موسمیاتی تبدیلی، تکنیکی اور سائنسی ترقیوں، ماحول دوست ملازمتوں، جدید سپلائی چینز، بحرانوں اور ہنگامی حالات سے متاثر عالمی معیشت، پرامن بقائے باہمی اور تنازعات کا حل، تزویراتی مسابقت ، مستقبل میں ممکنہ وبائی امراض اور مضبوط کثیر جہتی تعاون کی ضرورت جیسے چیلنجوں کا احاطہ کرے گا۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی ایلچی برائے نوجوانان نے بھی اجلاس میں شرکت کی اور نوجوانوں کی اپنے مستقبل کی تشکیل کے عمل میں بھرپور شرکت سے متعلق سیکرٹری جنرل کے خیالات کو اجاگر کیا۔

شریک وزراء خارجہ نے متفقہ اور پرزور طریقے سے وزیر خارجہ کے اقدام کا خیرمقدم کیا اور ان مسائل کا خاکہ پیش کیا جنہیں وہ دنیا کی اقوام کے مستقبل کے لیے اہم سمجھتے ہیں۔

انہوں نے موجودہ چیلنجز بشمول سیاسی، سکیورٹی، اقتصادی، انسانی حقوق اور ماحولیات اور باہمی اعتماد میں کمی، انسانی روابط، نوجوانوں کو درپیش مسائل اور عالمی تعاون میں کمی کا ذکر کیا۔ شرکاء میں عام اتفاق تھا کہ یہ نیا پلیٹ فارم ایک شاندار اقدام ہے جس کا خیر مقدم کیا جانا چاہیے۔

وزیر خارجہ نے آخر میں میٹنگ کے دوران ظاہر کیے گئے قیمتی خیالات کو نوٹ کیا جو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی طرف سے تجویز کردہ "مستقبل کے معاہدہ” کی تشکیل میں غور و خوض کے لیے معلومات فراہم کریں گے۔بحث کا خلاصہ تمام شریک وزراء کو بھیج دیا جائے گا اور بعد میں اقوام متحدہ کے رکن ممالک اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ شیئر کیا جائے گا