اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے امن اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لئے اصولوں اور خوشحالی پر مبنی بین الاقوامی تعاون کے لئے اقوام متحدہ کے رکن ممالک کے ساتھ کام کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ اقوام متحدہ کے دن کے موقع پر،
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی 77 ویں سالگرہ کے موقع پر پاکستان اقوام متحدہ کا دن منانے میں عالمی برادری کے ساتھ شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ ممبر ممالک کے انصاف، سماجی ترقی اور وسیع تر آزادیوں میں زندگی کے بہتر معیارات قائم کرنے اور آنے والی نسلوں کو جنگوں کی لعنت سے بچانے کے اجتماعی عزم کی عکاسی کرتا ہے ۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کثیرالجہتی کے لیے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کرتا ہے، جس میں اقوام متحدہ سب کے لیے امن، سلامتی، ترقی اور انسانی حقوق کے فروغ کے لیے مرکزی کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے بنیادی اصولوں بشمول امن قائم کرنے، پناہ گزینوں کے تحفظ، انسانی بنیادوں پر امدادی سرگرمیوں، موسمیاتی تبدیلی اور پائیدار ترقی کے لیے بین الاقوامی تعاون کے شعبوں کو فروغ دینے میں تعمیری کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مساوی حقوق اور خود ارادیت کے اصول، جو کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کا مرکز میں ہیں، ایشیا، افریقہ اور لاطینی امریکہ کی بہت سی ریاستوں کی نوآبادیات اور آزادی کو محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج جب ہم اقوام متحدہ کی کامیابیوں کا جشن منا رہے ہیں، ہمیں یاد رکھنا چاہئے کہ بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگ اب بھی اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے منتظر ہیں جس کی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعدد قراردادوں میں ضمانت دی گئی ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ مستحکم، مساوی اور پائیدار عالمی نظام کے اپنے اصولوں کے ساتھ اقوام متحدہ سب سے اہم بین الاقوامی ادارہ ہے۔ یہ ہمارے دور کے عصری چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے بہترین ہے جس میں ماحولیاتی تبدیلی سے لاحق وجودی خطرہ بھی شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دنیا بھر میں امن اور خوشحالی کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے اقوام متحدہ کے چارٹر کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے سماجی و اقتصادی ترقی کے مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کے ساتھ شراکت داری پر اقوام متحدہ کے اداروں، فنڈز اور پروگرامز کا شکریہ ادا کیا۔