وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو کے اعلیٰ سطح اجلاس سے ورچوئل خطاب

77
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری دبئی سے نیویارک پہنچ گئے

اسلام آباد۔9مئی (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے نیویارک میں ورچوئل فارمیٹ میں منعقدہ گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (جی ڈی آئی) کے گروپ آف فرینڈز کے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے پیر کو خطاب کیا۔

اپنے ویڈیو خطاب میں وزیر خارجہ نے جی ڈی آئی شروع کرنے کے چین کے اقدام کو سراہا اور اسے عالمی سطح پر متفقہ پائیدار ترقی کے اہداف پر عملدرآمد کی کوششوں کو تیز اور مربوط بنانے کے لئے ایک مفید پلیٹ فارم قرار دیا۔

انہوں نے عالمی سطح پر کورونا کے تباہ کن اثرات، موسمیاتی تبدیلی اور جغرافیائی سیاسی پیش رفت سے پیدا ہونے والے بحرانوں کا ذکر کرتے ہوئے پائیدار ترقی کے اہداف کے نفاذ میں پیش رفت میں رکاوٹ پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے جی ڈی آئی گروپ آف فرینڈز پر زور دیا کہ وہ ترقی پذیر دنیا کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور صحت عامہ اور ویکسین ایکویٹی میں تعاون بڑھانے، خوراک کی حفاظت کو یقینی بنانے، توانائی کی پیداوار بڑھانے، عالمی معیشت کو فروغ دینے، تجارت اور صنعت کاری کو فروغ دینے کے لیے ہنگامی اقدامات کی حمایت کرے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ متعدد بحرانوں نے ترقی کے لیے فنانسنگ میں فرق کو بڑھا دیا ہے، انہوں نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ پائیدار ترقی کے اہداف کے لیے مناسب وسائل کو متحرک کرے اور موسمیاتی فنانس میں سالانہ کم از کم 100 بلین ڈالر فراہم کرنے کے عزم کو پورا کرے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے چین کے ساتھ تعاون پر مبنی سٹریٹجک پارٹنرشپ کو مزید مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، جس میں چین پاکستان اقتصادی راہداری پر تیزی سے عمل درآمد بھی شامل ہے، جو بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کا ایک اہم منصوبہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سی پیک کے ذریعے چین کے ساتھ تعاون کو بڑھانے، پائیدار ترقی کے اہداف کے قومی نفاذ کو آگے بڑھانے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔