وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن کا ٹیلی فون

اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے بدھ کو ٹیلی فون کیا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ نے اپنے امریکی ہم منصب سے گفتگو کرتے ہوئے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر پاک امریکہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لئے باہمی عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ اعلیٰ سطح کے دوروں کے متواتر تبادلے کے منتظر ہیں، انہوں نے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزوں کے اجرا میں آسانی پیدا کرنے کی درخواست کی۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے امریکا کے خصوصی نمائندہ دلاور سید کے پاکستان کے جاری دورے کو سراہا۔

دونوں رہنمائوں نے پاک امریکہ تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور توانائی، صحت، سلامتی اور اقتصادی ترقی میں باہمی تعاون کا اعادہ کیا۔ انہوں نے انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے طالبان حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا۔