وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو سری لنکا کے وزیر خارجہ ایم یو ایم علی صابری کا ٹیلی فون

بلاول بھٹو زرداری

اسلام آباد۔7ستمبر (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو سری لنکا کے وزیر خارجہ ایم یو ایم علی صابری نے بدھ کو ٹیلی فون کیا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سری لنکا کے وزیر خارجہ نے پاکستان میں ہولناک سیلاب سے ہونے والےبڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی اور جانی نقصان پر تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے سری لنکا کی حکومت کی جانب سے پاکستان کی حکومت اور عوام سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اس مشکل وقت میں پاکستان کی حمایت کے اظہار پر سری لنکن وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے سری لنکن اپنے ہم منصب کو اس سال پاکستان میں ہونے والی غیر معمولی بارشوں کے بارے میں بتایا جس کے نتیجے میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ ہوئی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ سیلاب سے بہت زیادہ تباہی ہوئی ہے اور اس سے انسانی جانوں، مویشیوں، فصلوں اور انفراسٹرکچرکوبے پناہ نقصان پہنچا ہے۔

وزیر خارجہ نے سری لنکا کے وزیر خارجہ کو قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے فوری اور وسیع ردعمل سے آگاہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ بحالی اور تعمیر نو کے مرحلے کے لیے وسیع البنیاد بین الاقوامی تعاون ناگزیر ہوگا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان کے سیلاب سے نمٹنے کے لیے ”اقوام متحدہ کی فلیش اپیل“ کا بھرپور جواب ملے گا جس سے شدید متاثر ہونے والوں کی مشکلات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور پاکستان اور سری لنکا کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔