وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی آسیان ریجنل فورم کے وزارتی اجلاس کے موقع پر انڈونیشی ہم منصب رتنو مارسودی سے ملاقات

148

اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کمبوڈیا میں 29 ویں آسیان ریجنل فورم کے وزارتی اجلاس کے موقع پر انڈونیشیا کی وزیر خارجہ رتنو مارسودی سے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کی جانب جمعہ کو جاری بیان کے مطابق ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے دوطرفہ اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنمائوں نے مشترکہ تاریخ، ثقافت اور عقیدے سے جڑے دوطرفہ تعلقات میں مسلسل پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا، دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور رفتار فراہم کرنے کے لیے ہر سطح پر دو طرفہ تبادلوں اور باقاعدہ بات چیت کی اہمیت پر اتفاق کیا گیا۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے انڈونیشیا کی حکومت کی جانب سے پاکستان کو پام آئل کی برآمدات کے لیے بروقت سہولت کی فراہمی پر انڈونیشیا کی وزیر خارجہ سے اظہار تشکر کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے او آئی سی کے اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کو بین الاقوامی تنظیموں کے فریم ورک میں شامل کرنے کے لیے قریبی مشاورت کی ضرورت ہے۔

اجلاس میں ایشیا پیسیفک میں پیش رفت اور مسائل کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور انڈونیشیا کی وزیر خارجہ نے ثقافتی تبادلوں کو مزید وسعت دینے اور دونوں ممالک کے باہمی فائدے کے لیے تمام جہتوں میں عوام سے عوام کے رابطوں کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔