وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات

100

اسلام آباد۔9ستمبر (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے جمعہ کو یہاں ملاقات کی۔دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر اور سیکرٹری خارجہ سہیل محمود بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔

وزیر خارجہ نے ملک میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے تناظر میں پاکستان کے عوام اور حکومت کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے سیکرٹری جنرل کے پاکستان کے بروقت دورے کو سراہا۔ انہوں نے حکومت کے جاری ردعمل کی تکمیل کے لیے اقوام متحدہ کی ”فلیش اپیل“ کے ذریعے پاکستانی عوام کے لیے بین الاقوامی امداد کو متحرک کرنے کے لیے سیکرٹری جنرل کے بھرپور کردار پر ان سے اظہار تشکر کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ شدید بارشوں نے پاکستان کی تاریخ کی بدترین قدرتی آفت کو جنم دیا جس کے نتیجے میں ملک کا ایک تہائی حصہ ڈوب گیا اور 33 ملین سے زائد افراد متاثر ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ہولناک سیلاب سے اہم انفراسٹرکچر اور ذریعہ معاش کو بھی زبردست نقصان پہنچا ہے۔

وزیر خارجہ نے اس قدرتی آفت سے نمٹنے کے لیے حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چیلنج پاکستان کے وسائل اور صلاحیتوں سے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کی جانب سے پاکستان کی مدد اس موسمیاتی تباہی کا موثر طریقے سے جواب دینے اور پائیدار طریقے سے بحالی اور تعمیر نو میں مدد کرنے کے لیے اہم ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی کاموں کے ساتھ ساتھ طویل مدتی بحالی اور تعمیر نو کے لیے اقوام متحدہ کی مکمل حمایت اور تعاون کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ نہ صرف عالمی برادری کی سخاوت یا یکجہتی کا معاملہ ہے بلکہ انصاف کا معاملہ ہے۔ سیکرٹری جنرل نے بین الاقوامی مالیات کو متحرک کرنے اور پاکستان کی بحالی اور تعمیر نو کی کوششوں کے لیے مالیاتی گنجائش بڑھانے کے لیے مختلف خیالات پر تبادلہ خیال کیا۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پاکستان کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ اسلام آباد میں پاکستانی قیادت کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کے علاوہ، سیکرٹری جنرل سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں کا بھی دورہ کریں گے، وہ متاثرہ علاقوں میں بے گھر ہونے والے لوگوں سے ملاقات اور امدادی سرگرمیوں کا مشاہدہ کریں گے۔