اسلام آباد۔24ستمبر (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس کے موقع پر نیویارک میں متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ اور بین الاقوامی تعاون عزت مآب شیخ عبداللہ بن زید النہیان سے ملاقات کی۔
ہفتہ کو ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اور باہمی طور پرتعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقے اور ذرائع تلاش کئے۔وزرائے خارجہ نے دونوں اطراف سے نجی شعبے کی فعال شرکت کے ذریعے سرمایہ کاری کے تعاون کو مزید گہرا کرنے اور اقتصادی شراکت داری کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پروزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے سیاسی اور اقتصادی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
انہوں نے پاکستان میں حالیہ سیلاب کے دوران فراخدلانہ مدد کرنے پر متحدہ عرب امارات کی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ نے قیمتی جانوں کے ضیاع اور انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصان پر پاکستان کے ساتھ دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=329113