نیویارک۔15دسمبر (اے پی پی): وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدرسابا کوروسی سے ملاقات کی۔ جمعرات کو دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرارداد منظور کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
وزیر خارجہ اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات، پانی کے بحران، پائیدار ترقی کے اہداف سمیت مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔ جنرل اسمبلی کے صدر نے گروپ آف 77 اور چین کی کامیاب قیادت پر پاکستان کو سراہا۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر نے وزیر خارجہ کو مارچ 2023 میں اقوام متحدہ کی آئندہ آبی کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کےصدر کو پاکستان کی جانب سے مکمل حمایت اور تعاون کا یقین دلایا۔