وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی امریکی ہم منصب انٹونی بلنکن سے ملاقات، پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ امدادی سرگرمیوں کے لیے مزید 10 ملین ڈالر امداد کا اعلان

اسلام آباد۔27ستمبر (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے واشنگٹن میں ہونے والی ملاقات میں امریکا نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ امدادی سرگرمیوں کے لیے 56.1 ملین ڈالر کی پہلے سے اعلان کردہ امداد کے علاوہ 10 ملین ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے۔ منگل کو دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے واشنگٹن میں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے ملاقات کی۔

وزیر خارجہ نے امریکی ہم منصب کو پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی کے بارے میں بتایا جس میں 33 ملین سے زیادہ لوگ بے گھر ہوئے اور قیمتی جانی نقصان کے علاوہ معاش کے ذرائع کو بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی امدادی کوششوں کے بارے میں امریکی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا اور امداد پر امریکی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ کوئی بھی ملک اس سخت بحران سے خود نہیں نمٹ سکتا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے حالانکہ ماحول دشمن گیسوں میں اس کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی انصاف کا خواہاں ہے اور وہ اس ضمن میں اپنے شراکت داروں کی طرف دیکھ رہا ہے تاکہ وہ اس موسمیاتی آفت سے نکلنے میں ہماری مدد کریں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان آبپاشی، مواصلات، توانائی، زرعی ٹیکنالوجی اور صحت جیسے شعبوں میں بہتر، سرسبز اور موسمیاتی لچکدار انفراسٹرکچر کی تعمیر کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی بحران کا مؤثر طریقے سے سامنا کرنے میں مدد کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔

وزیر خارجہ نے خطے میں امن، سلامتی اور اقتصادی خوشحالی کے فروغ کے لیے پاکستان امریکہ تعلقات کی تاریخی اور بڑھتی ہوئی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے خاص طور پر تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں امریکا کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید وسیع کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ دونوں ممالک اپنے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ مناسب انداز میں منا رہے ہیں اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک امید افزا اور باہمی طور پر فائدہ مند روڈ میپ تیار کر رہے ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ نے پاکستان میں سیلاب سے قیمتی جانوں کے ضیاع اور اقتصادی نقصان پر پاکستان کے ساتھ دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے بحالی اور تعمیر نو کے چیلنجوں سے نمٹنے میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے امریکی عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بے پناہ امکانات کے پیش نظر امریکی نجی شعبہ توانائی کے شعبے سمیت پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہے گا۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے افغانستان کی مدد کی ضرورت کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان افغانستان میں امن، ترقی اور استحکام کے حصول کے لیے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا۔ امریکی وزیر خارجہ نے افغان سے انخلا کے دوران پاکستان کی جانب سے حمایت پر بھی شکریہ ادا کیا۔

محکمہ خارجہ میں پاکستان اور امریکا کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ منانے کی تقریب کے موقع پر امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے سیلاب زدگان کے لیے اضافی 10 ملین ڈالر کا اعلان کیا جس کا پاکستان کے وزیر خارجہ نے ان کا شکریہ ادا کیا۔