اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے مابین تجارت ، سرمایہ کاری، تعلیم، عوام اور پارلیمانی سطح پر روابط کے فروغ کے ذریعے وسیع البنیاد تعلقات کے فروغ کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایشیا اور بحرالکاہل سے متعلق امریکی کانگریس کی خارجہ امور کی ذیلی کمیٹی کے چیئرمین آمی بیرا سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ اپنی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے اور دونوں ممالک کے قانون سازوں کے مابین رابطوں کے فروغ کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے مابین تعلقات کے فروغ کیلئے امریکی کانگریس کے ساتھ پائیدار رابطے ضروری ہیں۔
آمی بیرا نے پاک ۔امریکہ تعلقات بڑھانے کیلئے وزیر خارجہ کے تحرک کو سراہا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ مستحکم افغانستان پاکستان اور امریکہ دونوں کے مفاد میں ہے۔ وزیر خارجہ نے افغانستان میں انسانی صورتحال کو فوری حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے امریکی کانگریس کے رکن آمی بیرا کی طرف سے پاکستان اور امریکہ کے مابین قریبی تعلقات بڑھانے کیلئے دلچسپی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے آمی بیرا کے حالیہ دورہ پاکستان پر بھی ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کا دورہ اعتماد سازی کیلئے اہمیت کا حامل تھا۔ وزیر خارجہ اور امریکی کانگریس کے رکن نے دونوں اطراف کے مابین بات چیت جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔