اسلام آباد۔6جون (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی دعوت پر جرمنی کی وزیر برائے خارجہ امور اینالینا بیئربوک (کل )منگل سے پاکستان کا 2 روزہ دورہ کریں گی۔ وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دورے کے دوران دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ وفود کی سطح پر دو طرفہ امور پر بات چیت کریں گے اور علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
جرمنی کی وزیر برائے خارجہ امور کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔ جرمن وزیر خارجہ پاکستان کے دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گی۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جرمنی دو طرفہ اور یورپی یونین کے تناظر میں پاکستان کا قابل قدر شراکت دار ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ، خوشگوار تعلقات قائم ہیں جو باہمی احترام اور قریبی تعاون پر مبنی ہیں۔
دونوں ممالک تجارت اور سرمایہ کاری، توانائی، دفاع اور عوامی رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں۔ پاکستان اور جرمنی نے 2021 میں سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل کر لئے۔ اس سنگِ میل کو دونوں فریقین نے شاندار انداز میں منایا، پاکستان اور جرمنی میں کئی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
جرمن وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے باقاعدہ تبادلوں کا حصہ ہے اور توقع ہے کہ اس سے پاکستان اور جرمنی کے کثیر جہتی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔