اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کمبوڈیا کے شہر نوم پنہ میں 29 ویں آسیان ریجنل فورم کے وزارتی اجلاس کے موقع پر جمعہ کو تھائی لینڈ کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ ڈان پرامودونائی سے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان تعلقات کی صورتحال کا جائزہ لیا اور دوطرفہ تعاون کی رفتار پر اعتماد کا اظہار کیا۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کے فروغ پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو اور تھائی لینڈ کے نائب وزیر اعظم نے مضبوط اقتصادی، سیاسی اور ثقافتی تعاون پر مبنی وسیع البنیاد دو طرفہ تعلقات قائم کرنے کے لیے دونوں ممالک کے عزم کی تجدید کی۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ایشیا پیسیفک میں آسیان کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے آسیان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید تقویت دینے میں پاکستان کی دلچسپی پر زور دیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان اعلیٰ سطح کے باقاعدہ رابطوں کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کی رفتار کو برقرار رکھنے کے لیے قریبی رابطے پر اتفاق کیا۔