اسلام آباد۔16مئی (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری 18 مئی کو اقوام متحدہ میں منعقد ہونے والے "گلوبل فوڈ سیکیورٹی کال ٹو ایکشن” وزارتی اجلاس میں شرکت کے لئے امریکہ کا دورہ کریں گے۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے انہیں اس دورے کی دعوت دی ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزارتی اجلاس میں مختلف خطوں سے ایسے ممالک شریک ہوں گے جو خوراک کے عدم تحفظ کے حوالے سے سب سے زیادہ متاثر ہیں اور وہ جو اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے اقدامات کرنے کی پوزیشن میں ہیں۔
اجلاس میں وزراء انسانی ضروریات اور زندگیوں کو بچانے اور پائیدار مستقبل کے لئے درکار طویل مدتی ترقیاتی کوششوں پر اظہار خیال کریں گے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری 19 مئی کو "بین الاقوامی امن اور سلامتی کی بحالی – تنازعات اور خوراک کی حفاظت” پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مباحثے میں بھی شرکت کریں گے۔
وزیر خارجہ دونوں اجلاسوں میں پاکستان کے نقطہ نظر اور پالیسی ترجیحات کو اجاگر کریں گے۔ نیویارک میں قیام کے دوران وہ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے ساتھ دو طرفہ ملاقات سمیت دیگر اہم مصروفیات میں بھی شریک ہوں گے۔
پاکستان تنازعات، غربت اور بھوک سے پاک پرامن اور مستحکم دنیا کے مشترکہ مقاصد کو آگے بڑھانے کے لئے بین الاقوامی کوششوں کی حمایت میں فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔