وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا پاکستان اور اٹلی ویور پی ممالک کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور، بلاول بھٹو زرداری کی اٹلی کے وزیر خارجہ سے ملاقات

71

نیویارک۔19مئی (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان اور اٹلی کے مابین اور یورپ کے دیگر ممالک کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے ذریعے تجارتی اور اقتصادی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے عالمی تحفظ خوراک کیلئے لائحہ عمل کے حوالہ سے منعقدہ وزارتی اجلاس کے موقع پر اٹلی کے وزیر خارجہ لوئی جی ڈی مایو سے ملاقات کی جس میں مختلف دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اٹلی کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ان تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین مفاہمت اور خیر سگالی کو فروغ دینے کیلئے پارلیمانی وفود کے تبادلوں سمیت اعلیٰ سطح پر روابط بڑھانے کی ضرورت ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اصلاحات سمیت مختلف کثیر الجہتی مسائل پر دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون کا ذکر کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں اٹلی کے ساتھ مل کر کام کرنے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔

دونوں وزراء نے خوراک اور توانائی کے تحفظ کے بحرانوں سمیت بین الاقوامی امور اور صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ نے پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک کو نقصان پہنچانے والے جغرافیائی اور سیاسی کشیدگی کا سبب بننے والے عوامل کے خاتمہ کیلئے موثر بین الاقوامی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا اور اس سلسلہ میں پاکستان کا نقطہ نظر واضح کیا۔ دونوں وزراء خارجہ نے ایک دوسرے کو اپنے اپنے ملک کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔