19.8 C
Islamabad
جمعہ, مئی 9, 2025
ہومقومی خبریںوزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے...

وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کے لیے جدہ پہنچ گئے

- Advertisement -

اسلام آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کے لیے جدہ میں ہیں تاکہ غزہ کے بحران اور وہاں کے محصور شہریوں کی انسانی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جاسکے۔

دفتر خارجہ کی طرف سے منگل کو جاری بیان کے مطابق اجلاس پاکستان اور سعودی عرب نے مشترکہ طور پر بلایا ہے۔ وزیر خارجہ او آئی سی ممالک کے اپنے ہم منصبوں سے مشاورت میں مصروف ہیں۔ بیان کے مطابق اس غیر معمولی سیشن پر انہوں نے مصر، ایران، ترکیہ اور متحدہ عرب امارات کے وزراء خارجہ کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے۔

- Advertisement -

وزیر خارجہ نے ان سے مشاورت کے دوران غزہ میں اسرائیلی بمباری اور محاصرے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی موجودہ صورتحال پر پاکستان کی گہری تشویش کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی جدہ میں ملاقاتوں کے ساتھ مشاورت جاری رکھیں گے۔ بیان کے مطابق ایگزیکٹو کمیٹی کے (آج) بدھ کو ہونے والے اجلاس کے حوالے سے وزیر خارجہ نے او آئی سی کی جانب سے جنگ بندی اور راہداریوں کے ذریعے انسانی امداد کی فراہمی کے اجتماعی مطالبے کے لیے پاکستان کی ترجیح پر زور دیا ہے تاکہ خوراک، ادویات، پانی اور دیگر ضروری سامان غزہ کے لوگوں تک بغیر کسی تاخیر کے پہنچ سکے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس کے بعد کی کوششوں کا رخ بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ اور او آئی سی کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کے منصفانہ، جامع اور دیرپا حل کی طرف ہونا چاہیے۔ بیان کے مطابق 1967 سے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پر فلسطین کی ایک قابل عمل، خودمختار اور متصل ریاست قائم کی جائے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=402298

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں