اسلام آباد ۔ 4 اگست (اے پی پی) وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ نئی کابینہ ملکی خوشحالی اور سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے نئے عزم کیساتھ کام جاری رکھے گی، پاکستانی عوام سے ہمارا یہ عہد ہے کہ جب تک کابینہ کے رکن ہیں عوام کی خدمت جاری رکھیں گے، مسلم لیگ (ن) پہلے سے زیادہ مستحکم ہے،ہمارے ایک بھی رکن نے وفاداریاں تبدیل نہیںکیں۔ جمعہ کو وفاقی کابینہ کی حلف برداری تقریب کے بعد اپنے ایک انٹرویو میں خواجہ آصف نے کہا کہ نئی کابینہ ملکی خوشحالی اور سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے نئے عزم کیساتھ کام جاری رکھے گی۔ انہوں نے ان پر اعتماد کا اظہار کرنے اور بڑی ذمہ داری سونپنے پر وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے گزشتہ چار سال کے دوران تمام شعبوں میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔