اسلام آباد ۔ 28 ستمبر (اے پی پی) وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) نہ صرف پاکستان کیلئے ایک گیم چینجر منصوبہ ثابت ہوگا بلکہ اس سے پورے خطے میں اقتصادی رابطوں کا ایک نیا دور شروع ہوگا، خطے کے مختلف ممالک کے دوطرفہ روابط کے فروغ کے ساتھ ساتھ سی پیک سیاسی تنازعات کو کم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔ جمعرات کو چائنا گلوبل ٹیلی ویژن نیٹ ورک (سی جی ٹی این) کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ اس وقت خطے کے ممالک کی باہمی تجارت بہت کم ہے لیکن سی پیک اور ایک سڑک ایک خطے کے اقدام کی تکمیل سے خطے کے تمام ممالک کے تجارتی رابطوں میں اضافہ اور اقتصادی خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک کے معاشی رابطوں کے سیاسی اثرات مرتب ہونگے جس سے سیاسی تنازعات کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ تجارت ، سیاحت اور عوام کے عوام سے رابطوں کے ذریعے خطے کے ممالک کے باہمی تعلقات پر خوشگوار اثرات مرتب ہونگے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=71448