اسلام آباد۔5مئی (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے مرکزی علما کونسل، صوبہ پنجاب کے سیکرٹری جنرل حافظ مقبول احمد نے بدھ کو وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی۔بات چیت کے دوران اتحاد بین المسلمین اور تحفظ حرمت رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔مرکزی علماء کونسل پنجاب کے سیکرٹری جنرل حافظ مقبول احمد نے عالمی فورمز پر "اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف موثر آواز اٹھانے اور تحفظ حرمت رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا علم بلند کرنے پر وزیر خارجہ کو مبارکباد دی ۔
حافظ مقبول احمد نے تحفظ عقیدہ ء ختم نبوت اور تحفظ ناموس رسالت صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے حوالے سے مرکزی علماء کونسل کی کاوشوں سے آگاہ کیا۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عقیدئہ ختم نبوت ان بنیادی عقیدوں میں سے ہے جس پر اْمت کا اتفاق اور قطعی اجماع ہے۔فرقہ واریت کے خاتمے اور اتحاد بین المسلمین کیلئے علما کرام کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔