ملتان۔8 نومبر(اے پی پی )وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ لوگوں کو نظریاتی بنیادوں پر ایک دوسرے کے ساتھ جوڑنا وقت کی اہم ضرورت ہے، اسلام کا پیغام محبت عام کیا جائے، بین المذاہب ہم آہنگی کے ذریعے ہم پاکستان کا کھویا ہوا وقار بحال کرسکتے ہیں۔ بہاءالدین زکریایونیورسٹی ملتان میں بین الاقوامی صوفی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمودقریشی نے کہاکہ ہمیں اسلام کا وہ چہرہ لوگوں کو دکھانا ہے جو سچائی اور امن کا پیغام دیتا ہے جواس کا اصلی چہرہ ہے۔انہوں نے کہاکہ دنیا کہتی ہے کہ اگر ہمیں دہشت گردی کی جنگ جیتنی ہے توہمیں اپنا بیانیہ تبدیل کرنا ہوگا۔مدرسوں کومرکزی دھارے میں لانا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے اور جب یہ مدرسے مرکزی دھارے میں آجائیں گے تو علماءو مشائخ کے ساتھ ساتھ یہ ایسے شہری بھی پیدا کریں گے جو روزمرہ زندگی میں معاشرے کے لیے مفید ثابت ہوںگے۔انہوں نے کہاکہ علماءکرام نے اسلام کی جو شمع روشن کی اس سے پوری دنیا منور ہوئی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=121155