وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکہ کا انتہائی کامیاب دورہ مکمل کر لیا

74

اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکہ کا انتہائی کامیاب دورہ مکمل کر لیا ہے جہاں انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 76 ویں اجلاس میں شرکت کی ۔

اتوارکو جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے دورہ امریکہ کو سفارتی لحاظ سے انتہائی ا ہم قرار دیا جارہا ہے جس میں انہوں نے اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں اور افغانستان کی صورتحال سمیت مختلف علاقائی و عالمی امور پر پاکستان کا بھر پور نقطہ نظر پیش کیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود 20 ستمبر کو اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 76 ویں اجلاس میں شرکت کیلئے نیویارک پہنچے۔وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے76 ویں اجلاس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی ۔

وزیر خارجہ نے کونسل آن فارن ریلیشنز میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور پاک امریکہ تعلقات، افغانستان کی صورتحال سمیت مختلف علاقائی و عالمی امور پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کیا۔

وزیر خارجہ نے بین الاقوامی میڈیا نمائندگان سے گفتگو کی اور مختلف امور پر پاکستان کا موقف پیش کیا۔وزیر خارجہ نے امریکی وزیر خارجہ انٹونی جے بلنکن سے ملاقات کی ۔اس ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، افغانستان کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور زیر غور آئے ۔

امریکی وزیر خارجہ نے انخلاء کے عمل میں پاکستان کے کردار کو سراہا ۔وزیر خارجہ، یورپی یونین کے خارجہ تعلقات اور سلامتی کے سربراہ بوریل جوزف سے ملے اور دو طرفہ تعلقات، سٹرٹیجک شراکت داری سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خارجہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے چھہترویں اجلاس کے موقع پر او آئی سی رابطہ گروپ برائے کشمیر کے اجلاس میں شریک ہوئے اور اپنے خطاب میں، کشمیر میں جاری انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر پاکستان کی تشویش سے آگاہ کیا ۔

وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے چھہترویں اجلاس کے موقع پر امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ایمبیسڈر زلمے خلیل زاد ،صدر انٹرنیشنل کمیٹی ریڈ کراس، پیٹر مور، اقوام متحدہ کی کمشنر برائے مہاجرین فلیپو گرانڈی سے ملاقاتیں کیں اور عالمی برادری کی توجہ افغانستان میں پنپتے ہوئے انسانی المیے کی جانب مبذول کروائی ۔

وزیر خارجہ نے سعودی عرب، قطر، ترکی ،مصر،انڈونیشیا، پرتگال، بیلجیئم، آئرلینڈ،سویڈن ،ناروے ،سلووینیا، رومانیہ، آسٹریا، فن لینڈ، جاپان، سمیت مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کی ۔

وزیر خارجہ نے ٹی آر ٹی ورلڈ ،نیویارک ٹائمز، الجزیرہ، ایسوسی ایٹڈ پریس کے ساتھ اہم علاقائی و عالمی امور پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کیا ۔وزیر خارجہ نے فارن پریس ایسوسی ایشن کے ساتھ ورچوئل گفتگو کی۔وزیر خارجہ نے نیویارک میں پاکستانی امریکن کمیونٹی سے خطاب کیا ۔

وزیر خارجہ نے ڈی 8 فورم میں شرکت کی اور اظہار خیال کیا ۔وزیر خارجہ نے "اتحاد برائے اتفاق ” فورم میں شرکت کی اور اظہار خیال کیا۔وزیر خارجہ نے آبی وسائل اور ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے منعقدہ ورچوئل فورم سے خطاب کیا۔

وزیر خارجہ نے نیویارک میں پاکستانی میڈیا نمائندگان سے گفتگو کی اور انہیں افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال سمیت اہم امور پر پر پاکستان کے موقف سے آگاہ کیا۔وزیر خارجہ،پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے، وزیر اعظم عمران خان کے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے چھہترویں اجلاس سے وڈیو خطاب کے موقع پر جنرل اسمبلی ہال میں موجود رہے