وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی امریکی تھنک ٹینک انٹلانٹک کونسل کے زیراہتمام کاروباری رہنماﺅں، تجزیہ کاروں اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے اجتماع سے خطاب

78

نیویارک ۔ 26 ستمبر (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملک میں قانون کی حکمرانی قائم کرنے اور بد عنوانی و سرخ فیتے کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے حکومتی عزم کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ 25 جولائی کے عام انتخابات میں پاکستان کے عوام نے واضح طورپر تبدیلی کے حق میں اپنا فیصلہ دیا ہے۔ انہوں نے یہ بات یہاں امریکی تھنک ٹینک انٹلانٹک کونسل کے زیراہتمام کاروباری رہنماﺅں، تجزیہ کاروں اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیرخارجہ نے کاروبار دوست پاکستان کے لئے نئی حکومت کا ویژن پیش کرتے ہوئے کہا کہ لاکھوں پاکستانی نوجوان کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ شاہ محمود قریشی نے شرکاءکو پاکستان میں سرمایہ کاری کے ماحول اور مواقع سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان متوسط طبقے کی بہت بڑی مارکیٹ ہے اور یہاں وافر نوجوان افرادی قوت موجود ہے۔ چین، وسطی اور جنوبی ایشیا کے سنگم پر واقع ہونے کی بنیاد پر شاندار مواقع پائے جاتے ہیں ۔