اسلام آباد۔22اپریل (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اپنے ترک ہم منصب میلوت چاوس اوگلو کی دعوت پر کل23 اپریل کو دو روزہ سرکاری دورہ پر ترکی جائیں گے۔دفتر خارجہ کے مطابق اس دورے کے دوران ، وزیر خارجہ ترک ہم منصب سے دوطرفہ بات چیت کے علاوہ پاکستان ، ترکی اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کے سہ فریقی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔
دوطرفہ بات چیت کے دوران ، دونوں وزرائے خارجہ باہمی تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے اور رواں سال ترکی میں ہونے والے اعلی سطحی اسٹریٹجک تعاون کونسل (ایچ ایل ایس سی سی) کے 7 ویں اجلاس کی تیاریوں سمیت علاقائی سلامتی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ترکی اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کے ساتھ سہ فریقی اجلاس میں وزیر خارجہ افغان امن عمل میں تازہ پیشرفت پر تبادلہ خیال کریں گے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا دورہ ترکی، دونوں ممالک کے مابین باقاعدہ اعلی سطح کے تبادلوں کا ایک حصہ ہے۔ جنوری 2021 میں ترکی کے وزیر خارجہ نے پاکستان کا دورہ کیا اور دونوں وزرائے خارجہ نے 29 مارچ 2021 کو تاجکستان کے دوشنبہ میں ہارٹ آف ایشیاء استنبول پروسیس وزارتی کانفرنس کے 9 ویں اجلاس کے موقع پر بھی ملاقات کی۔