وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی ملاقات

61
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی ملاقات
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی ملاقات

اسلام آباد۔13مارچ (اے پی پی):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اسلام آباد میں انکی رہائشگاہ پر ملاقات کی،

ملاقات میں آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات سمیت اہم پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔تحریک انصاف آزاد کشمیر میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق بیرسٹر سلطان محمود نے آزاد کشمیر میں آئندہ انتخابات کے حوالے سے اب تک کی جانے والی تیاریوں اور پارٹی امور سے متعلقہ صورتحال سے وائس چیئرمین تحریک انصاف مخدوم شاہ محمود قریشی کو آگاہ کیا۔

اس موقع پر وزیر خارجہ و وائس چئیرمین پاکستان تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات میں عمران خان کے نظریے پر کاربند اور اچھی شہرت کے حامل امیدواروں کو سامنے لائیں گے۔ آزاد کشمیر کے عوام پی ڈی ایم کے کرپٹ اور غیر فطری اتحاد کو مسترد کریں گے۔

اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر، پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے – کشمیری بھائیوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے اور ان کے جائز حق، حق _خودارادیت کے اصول تک،

پاکستان ہر عالمی فورم پر، ان کیلئے آواز بلند کرتا رہے گا۔وزیر خارجہ نے آزاد کشمیر میں پاکستان تحریک انصاف کو متحرک بنانے کے حوالے سے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی کاوشوں کو سراہا۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے سمیت اہم سفارتی کامیابیوں پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو مبارکباد دی۔