وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے جاپان کے سفیر کی ملاقات

109

اسلام آباد ۔ 9 اپریل (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان جاپان کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ یہ بات انہوں نے پاکستان میں جاپان کے سفیر کونینورو مٹسودا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے منگل کو یہاں وزارتِ خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کے مطابق ملاقات کے دوران دوران پاکستان اور جاپان کے مابین دوطرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے پاکستان اور جاپان کے مابین فروغ پاتے ہوئے دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔وزیر خارجہ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان جاپان کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔جاپان پاکستان کا بنیادی اقتصادی شراکت دار ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ جاپان ، کثیر الجہتی شعبوں میں پاکستان کی تعمیر و ترقی میں معاونت کرتا چلا آ رہا ہے۔ وزیر خارجہ نے پاکستان اور جاپان کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیا ۔ جاپانی سفیر نے 22، 23اپریل 2019 کو جاپانی وزیر خارجہ تارو کونو کی خصوصی دعوت پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے متوقع دورہ جاپان کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ جاپانی سفیر نے کہا کہ ََوزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے دورہ جاپان سے دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ کے دورہ ء جاپان سے فریقین کو دو طرفہ سیاسی، اقتصادی، تعلیمی اور ٹریننگ سمیت علاقائی اور عالمی اہمیت کے حامل، باہمی دلچسپی کے متعدد شعبوں میں تعاون کے فروغ کیلئے گفت و شنید کا موقع ملے گا۔۔ جاپان کے سفیر نے باہمی دلچسپی کے امور کے حوالے سے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو اپنی حکومت کی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا ہم جاپان میں آپ کی آمد کے منتظر رہیں گے۔