اسلام آباد۔4اکتوبر (اے پی پی):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان قطر کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔یہ بات انہوں نے پاکستان میں تعینات خلیجی ریاست قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمان الثانی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے پیر کو وزارتِ خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان قطر کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔
وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 76ویں اجلاس کے موقع پر قطر کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی کے ساتھ ہونے والی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستان اور قطر کے مابین دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا ۔
قطری سفیر نے قطر کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ کی جانب سے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو دوحہ فورم میں شرکت کا دعوت نامہ دیا۔ قطر کے سفیر نے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان اور قطر کے مابین دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔