وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے طالبان کے سیاسی دفتر کے اعلیٰ سطح وفد کی ملا عبدالغنی برادر کی قیادت میں ملاقات، خطے کی صورتحال، افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

282

اسلام آباد ۔ 3 اکتوبر (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے قطر کے دارالحکومت دوحا میں طالبان کے سیاسی دفتر کے اعلیٰ سطح وفد نے ملا عبدالغنی برادر کی قیادت میں جمعرات کو وزارت خارجہ ملاقات کی۔ ملاقات میں خطے کی صورتحال، افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے مذاکرات کی جلد بحالی کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی لیفٹنینٹ جنرل فیض حمید بھی موجود تھے۔ ٹی پی سی کے قیام کے بعد طالبان کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ تھا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وفد کو وزارت خارجہ میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین دو طرفہ برادرانہ تعلقات، مذہبی ثقافتی اور تاریخی بنیادوں پر استوار ہیں۔گذشتہ چالیس برس سے افغانستان میں عدم استحکام کا خمیازہ دونوں ممالک یکساں طور پر بھگت رہے ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان صدق دل سے سمجھتا ہے کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں ہے، افغانستان میں قیام امن کیلئے ”مذاکرات” ہی مثبت اور واحد راستہ ہے، ہمیں خوشی ہے کہ آج دنیا افغانستان کے حوالے سے ہمارے موقف کی تائید کر رہی ہے۔ پاکستان خوش دلی کے ساتھ گذشتہ چار دہائیوں سے لاکھوں افغان مہاجرین بھائیوں کی میزبانی کرتا چلا آ رہا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے افغان امن عمل میں مشترکہ ذمہ داری کے تحت نہایت ایمانداری سے مصالحانہ کردار ادا کیا ہے، پرامن افغانستان پورے خطے کے امن و استحکام کیلئے ناگزیر ہے، ہماری خواہش ہے کہ فریقین مذاکرات کی جلد بحالی کی طرف راغب ہوں تاکہ دیرپا اور پائیدار امن و استحکام کی راہ ہموار ہوسکے۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے واضح کیا کہ پاکستان افغان امن عمل کو کامیاب بنانے کیلئے اپنا مصالحانہ کردار صدق دل سے ادا کرتا رہے گاجو پاکستان کی اپنی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے ناگزیر ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ امن و مصالحتی عمل جس میں افغانستان کے تمام فریق شامل ہوں، افغان تنازعہ کا واحد عملی حل ہے۔ امریکہ اور طالبان کے مابین براہ مذاکرات جس کی پاکستان نے بھر پور حمایت کی تھی، نے اب افغانستان میں پائیدار امن معاہدہ کے حصول کیلئے مظبوط بنیاد فراہم کی ہے۔